پاکستان کا نیا مواصلاتی سسٹم آج خلا میں روانہ ہوگا
Share your love
اسلام آباد: پاکستان کا نیا مواصلاتی سسٹم ’پاک سیٹ ایم ایم ون‘ آج خلا میں روانہ ہوگا۔
سپارکو اور چین کے اشتراک سے بنایا گیا پاکستان کا دوسرا مواصلاتی سسٹم روانگی کیلئے تیار ہے، سپارکو کا پاک سیٹ ایم ایم ون چین کے شی چانگ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا جائے گا، ایم ایم ون کی لانچنگ سپارکو کے دفاتر میں بڑی سکرینز پر دکھائی جائے گی۔
جدید ٹیکنالوجی سے لیس پاک سیٹ ایم ایم ون سیٹلائٹ لانچ کرنے کی تیاری مکمل ہے اور حتمی ریہرسل بھی کر لی گئی۔
پاک سیٹ ایم ایم ون 15 برس تک کام کرے گا، اس سے پاکستان بھر میں ٹی وی نشریات، سیلولر فون سروس اور براڈبینڈ سروس بہتر بنانے میں مدد ملے گی، پاک سیٹ ون ایم ایم رواں برس اگست میں سروس فراہم کرنا شروع کر دے گا۔
مواصلاتی سسٹم پورے پاکستان کو کوریج فراہم کرتے ہوئے کے اے بینڈ 10 گیگابائٹ بائٹس فی سیکنڈ صلاحیت کا حامل ہے۔
یاد رہے کہ اس وقت پاکستان کے 2 کمیونیکیشن سیٹلائٹس خلا میں موجود ہیں، پاک سیٹ ون آر 2011 میں لانچ کیا گیا تھا، اس کی ڈیزائن لائف 15 سال تھی جو 2026 میں مکمل ہوجائے گی۔
پاکستان کا ایک اور ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ بھی خلا میں موجود ہے، پی آر ایس ایس ون 2018 میں لانچ کیا گیا تھا پاکستان نے حال ہی میں اپنا پہلا قمری مصنوعی سیارہ آئی کیوب قمر بھی لانچ کیا ہے۔