سیاست، پارلیمنٹ اور جمہوریت سے لوگ مایوس ہو رہے ہیں، لیاقت بلوچ
Share your love
اسلام آباد: نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمران جماعت ایوان میں بیٹھ کر عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم 26 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے، یہ دھرنا پاکستان کے عوام کا نمائندہ دھرنا ہو گا، یہ ہمارا سیاسی اور آئینی حق ہے، عوام میں جذبات کی شدت ہے، سیاست، پارلیمنٹ اور جمہوریت سے لوگ مایوس ہو رہے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک کو انارکی سے بچانے کے لئے اسلام آباد کا دھرنا لازمی ہے، دھرنے کا ایجنڈا عوام کو ریلیف دلانا ہے، بجلی، پٹرول، گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہو چکا ہے، کرپٹ حکمران اور جو خاندان عوام پر مسلط ہیں ان کی حکمرانی اب قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سود، قرضے، بدانتظامی ہے، یہ سب اب قابل قبول نہیں، پاکستان کو ایک اسلامی اقتصادی نظام کی ضرورت ہے، ان بحرانوں کا حل صاف شفاف انتخابات کے ذریعے ممکن ہے، حکومت قومی ترجیحات پر اکٹھا ہو کر ان بحرانوں کا حل نکالے۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ یہ تمام سیاسی جماعتیں عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہیں، یہ تمام لوگ عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں، مغربی نظام کی بادشاہی اب ختم ہونی چاہئے۔