فوج اور عوام کے درمیان خلیج ن لیگ والے بڑھا رہے ہیں، عمر ایوب
Share your love
اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی واضح طور پر ملک کی مقبول ترین پارٹی ہے، فوج عوام میں سے ہوتی ہے، فوج اور عوام کے درمیان خلیج ن لیگ والے بڑھا رہے ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ہماری بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی نے اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا، بانی پی ٹی آئی نے مغربی ممالک کو پیغام دیا ہے کہ مغربی ممالک کو نظر نہیں آرہا غزہ میں قتل عام ہورہا ہے، ہم ایران میں اسماعیل ہانیہ کی شہادت کی پرزور مذمت کرتے ہیں، اسرائیل آج ہر قدم غلط اٹھاتا ہے اور اسے روکنے والا کوئی نہیں سب ممالک مل کر فلسطین میں امن قائم کریں۔
انہوں ںے کہا کہ 5 اگست کو صوابی میں شام 4 بجے بڑا جلسہ ہوگا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی میزبانی میں جلسہ کریں گے، یہ واضح طور پر ملک کی مقبول ترین پارٹی ہے، فوج عوام میں سے ہوتی ہے، فوج اور عوام کے درمیان خلیج ن لیگ والے بڑھا رہے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ کو ہمارے کیسز ہی نہیں سننے چاہئیں، چیف جسٹس کو چاہیے کہ توشہ خانہ کا کیس سنیں یا کسی اور کو دے دیں، ہمارے ہاتھوں میں رہائی کے روبکار تھے لیکن بشریٰ بی بی کو رہا نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری سوشل میڈیا ٹیم کو اٹھالیا گیا، رؤف حسن کو سی ٹی ڈی کی تحویل میں رکھا گیا ہے، ان پر الزام ہے کہ 3 لاکھ روپے دے کر بارود پی ٹی آئی کے دفتر میں رکھا گیا ہے، خفیہ ایجنسیوں نے ہمارے ایم این اے حاجی امتیاز کو ٹکر ماری اور اینٹی کرپشن میں رکھا۔