Enter your email address below and subscribe to our newsletter

زمان پارک گھر کی تلاشی کے لیے پولیس نے سرچ وارنٹ حاصل کر لیے

Share your love

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے زمان پارک میں گھر کی تلاشی کے لیے پولیس نے سرچ وارنٹ حاصل کر لیے جبکہ حکومتی کمیٹی نے پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کی جس میں تلاشی کے لیے ایس او پیز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

کمشنر لاہور علی رندھاوا کی سربراہی میں پولیس اور دیگر سرکاری افسران پر مشتمل ٹیم زمان پارک میں داخل ہوئی اور عمران خان کے وکلا کو وارنٹ دکھائے۔

مذاکراتی ٹیم عمران خان کے گھر کے اندر گئی، چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم بھی عمران خان کیساتھ موجود تھی، آپریشن ٹیم کو عمران خان کے گھر داخل ہونے میں کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

میڈیا کے نمائندے اور وکلا عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر موجود رہے، پولیس نے عمران خان کےگھر کے باہر اور اندر اہلکار تعینات کر دیئے۔

حکومتی ٹیم کے عمران خان کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، ٹیم ارکان نے کہا کہ ہم کسی سرچ آپریشن کے لئے نہیں آئے، ہم زمان پارک صرف عمران خان سے ملنے کے لئے آئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایس او پیز طے ہونے کے بعد سرچ آپریشن شروع ہو گا، ایس پی سمیت دیگر افسر اور خواتین پولیس اہلکار بھی موجود ہوں گی جبکہ سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے جائیں گے۔

ادھر نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کمشنر لاہور کی سربراہی میں جو تین رکنی ٹیم زمان پارک گئی ہے اس نے ابھی کوئی سرچ آپریشن نہیں کرنا بلکہ گھر کی تلاشی کے لئے ایس او پیز طے کرنا ہیں۔

عامر میر کا کہنا ہے کہ میڈیا کی جس ٹیم کو دورہ کرایا گیا تھا اسے گھر کے اندر جانے کی اجازت نہیں تھی، لہٰذا یہ دعویٰ بے بنیاد ہے کہ گھر کی تلاشی دے دی گئی۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!