کراچی کے 5 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پولنگ جاری
Share your love
کراچی: کراچی میں 5 اضلاع کی مختلف نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔
پولنگ کا عمل صبح 8 سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
ضلع ملیر، ضلع کیماڑی، ضلع جنوبی میں چیئرمین کی نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں جبکہ ضلع ملیر اور ضلع جنوبی میں وائس چیئرمین کی نشستوں پر بھی پولنگ ہورہی ہے۔
ضلع ملیر، ضلع شرقی اور ضلع وسطی میں وارڈ ممبران کی نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں۔
ضلع جنوبی صدر ٹاؤن یوسی 13 سے چیئرمین کی نشست کے لیے 7 امیدوار مد مقابل ہیں۔
121 پولنگ اسٹیشن میں سے 42 کو انتہائی حساس اور 79 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
ضلع ملیر میں 46، ضلع شرقی میں 3، ضلع کیماڑی میں17، ضلع وسطی میں7 اور ضلع جنوبی میں 48 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کراچی ساؤتھ عزرا مہیسر نے یو سی 13 کے پو لنگ اسٹیشنز کا دورہ کر کے سیکیورٹی کے انتظامات اور پولنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔
ایس ایس پی سینٹرل فیصل عبداللّٰہ چاچڑ نے رضویہ سوسائٹی میں پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
ایس ایس پی سینٹرل نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل رضویہ سوسائٹی میں 2 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، مجموعی طور پر 450 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا ہے۔
فیصل عبداللّٰہ چاچڑ نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے رسپانس فورس اور موبائلز اسٹینڈ بائی ہیں۔
دوسری جانب کشمور کی یو سی مسو والا میں ضلع کونسل کی سیٹ پر بھی ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے جہاں پیپلز پارٹی کے رمضان مزاری اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے اللّٰہ ڈنو میں مقابلہ ہے۔
اس یوسی میں ووٹرز کی تعداد 13 ہزار1 سو 84 ہے۔ یہاں 10 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
یوسی مسو والا کی سیٹ سردار داود جان مزاری کے استعفے پر خالی ہوئی تھی۔
شکارپور میں یونین کونسل 7 سیٹھا وارڈ 3 میں بھی پولنگ جاری ہے جہاں پیپلز پارٹی کے لطف اللّٰہ سومرو اور جے یو آئی کے محمد مراد سومرو کے درمیان مقابلہ ہے۔
پیپلز پارٹی کے عبید اللّٰہ سومرو کی وفات پر یوسی کی یہ سیٹ خالی ہوئی تھی۔