باجوڑ میں کے پی اسمبلی کی نشست پی کے 22 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری
Share your love
باجوڑ :خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں کے پی اسمبلی کی نشست پی کے 22 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے۔
ڈی آر او کے مطابق آزاد منتخب رکن اسمبلی مبارک زیب نے پی کے 22 کی نشست خالی کی تھی۔مذکورہ نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
پی کے 22 میں کل ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 79 ہزار سے زائد ہے، جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 99 ہزار 38 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 79 ہزار 972 ہے۔
مذکورہ حلقے میں کل 11 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں جماعت اسلامی کے عابد خان، اے این پی کے نثار باز، سنی اتحاد کونسل کے راحت اللّٰہ، پیپلز پارٹی کے عبداللہ، آزاد امیدوار اختر گل، نجیب اللہ خان، میاں حبیب گل، جاوید خان، نور شاہ، گل منیر اور صدام حسین شامل ہیں۔
ڈی آر او کے مطابق ضمنی الیکشن کے لیے 91 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 43 پولنگ اسٹیشنز حساس اور 23 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔اس حلقے کے ووٹرز کا کہنا ہے کہ بدامنی، تعلیم اور صحت کی سہولتوں کا نہ ہونا پی کے22 کے اہم مسائل ہیں۔