صدرمملکت کی عوام سے مون سون شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل
Share your love
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے۔
صدر مملکت نے بلاول ہاؤس کراچی میں سالانہ مون سون شجر کاری مہم کے تحت نیم کا پودا لگایا، اس موقع پر انہوں نے عوام سے مون سون شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر جنگلات کی شرح میں اضافے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے منفی اثرات کم کرنے کیلیے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔
آصف علی زرداری نے نوجوانوں اور سول سوسائٹی سے جنگلات کے رقبے کو بڑھانے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے میں مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قوم بالخصوص نوجوان اور سول سوسائٹی مون سون شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے وزیراعظم کی حیثیت سے پہلے دور حکومت میں بطور وزیر موسمیات خدمات انجام دیں اور محترمہ کے پہلے دور میں درخت لگانے کی مہم کا آغاز کیا، اس وقت شجرکاری مہم کے تحت ملک بھر میں نیم کے درخت لگائے گئے تھے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آج پاکستان میں بڑھتے درجہ حرارت کے پیش نظر درخت لگانے کی ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ بہتر ماحول کے لیے اپنے محلوں اور گردونواح میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ مون سون درخت شجرکاری مہم جنگلات میں اضافے، ملک میں ہریالی بڑھانے، ماحول صحت مند اور صاف بنانے کا بہترین موقع ہے،جنگلات اور ہریالی میں اضافہ ہمارے ماحول کو اور ہماری آنے والی نسلوں کو صحت مند اور محفوظ بنائے گا۔
مینگرووز کے جنگلات کے حوالے سے صدر نے کہا کہ پاکستان نے مینگرووز کی بحالی کا کامیاب اقدام کیا ہے،سندھ میں لاکھوں ایکڑ اراضی پر مینگرووز لگائے گئے ہیں اور ہم مینگرووز کو مزید بڑھانے اور مزید درخت لگانے کے لیے پرعزم طریقے سے کام کر رہے ہیں۔
نیم کے درخت کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ نیم ماحول دوست درخت اور بے شمار ماحولیاتی فوائد کا حامل ہے۔ نیم صاف ہوا اور ٹھنڈی چھاؤں دینے کے علاوہ قدرتی طور پر مچھروں کو دور کرتا ہے۔
صدر مملکت نے عوام الناس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات درجہ حرارت کو کم کرنے، ہریالی بڑھانے اور جنگلات میں اضافے کیلیے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
یاد رہے کہ 18 اگست پاکستان میں مون سون میں درخت لگانے کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔