وزیراعظم کا پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلی سطح کے روابط کا خیرمقدم
Share your love
پیرس: وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کمیشن کی صدر سے ملاقات کی اور یورپی اداروں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کمیشن کی سربراہ ارسیلا وون ڈر لاین سے ملاقات کی۔ دونوں راہنماوٴں میں ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
وزیراعظم نے رواں سال 9 جنوری کو جینیوا میں منعقدہ ‘ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس’ میں شرکت پر یورپی کمیشن کی سربراہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یورپی اداروں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلی سطح کے روابط کا خیرمقدم کرتے ہوئے یورپی کمیشن کی سربراہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ جی ایس پی پلس کی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس کے ٹریک پر ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ اس ضمن میں مظبوط سیاسی عزم موجود ہے۔
یورپی کمیشن کی صدر نے 2022 کے سیلاب سے بحالی کی پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے جی ایس پی پلس سمیت یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان جاری تعاون کی سطح کو سراہا۔