آزاد کشمیر میں تیسرے روز بھی احتجاج، پہیہ جام ہڑتال،کاروباری مراکز بند
Share your love
مظفرآباد:آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری ہے، کاروباری مراکز بند، پہیہ جام ہڑتال ہے۔
عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک پُرتشدد رخ اختیار کرگئی، کشیدگی کے باعث آزاد کشمیر بھر میں انٹرنیٹ سروس گزشتہ رات سے معطل ہے، دارالحکومت مظفرآباد میں کاروباری مراکز بند ، پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے واضح اعلان کیا ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات پر سو فیصد عملدرآمد نہیں ہوگا تب تک شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال جاری رہے گی۔
خیا ل رہے کہ میرپور میں گزشتہ روز مظاہرہ خونی تصادم میں تبدیل ہو گیا، مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور فائرنگ کی، گولی لگنے سے سب انسپکٹر عدنان قریشی شہید ہو گئے، جبکہ مظاہرین کے پتھراؤ سے ایس پی خاورعلی ، تحصیلدار رضوان لطیف سمیت 28اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔