معاشرے کے تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے،علی امین گنڈا پور
Share your love
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ملک کو امن و امان اور کمزور معیشت جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے پریس سیکریٹری کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں پریس کلبوں میں گرانٹ ان ایڈ کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جہاں وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور گرانٹ ان ایڈ کے چیکس تقسیم کیے۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ کسی بھی ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے صحافت ناگزیر ہے اور میڈیا ہی کے ذریعے عوام کے مسائل اجاگر ہوتے ہیں، ہمیں مثبت تنقید کی روشنی میں اپنی اصلاح کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض بنتا ہے کہ ہر سیکٹر کو پروموٹ کیا جائے، ہمیں مل کر کام کرنا ہے اور اپنا اپنا فرض ایمان داری سے نبھانا ہے، حکومت کی کوشش ہے جن علاقوں میں پریس کلب نہیں وہاں پریس کلب قائم کیے جائیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، صحافی برادری کے ساتھ تعلق اور رشتہ بحال رہے گا اور ان کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا، صوبائی حکومت کی سولر اسکیم میں صحافیوں کو بھی پیکیج دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے فرنٹ فٹ پر کھیلنا ہوگا، ملک کو امن و امان اور کمزور معاشی صورت حال جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو ٹھیک کرنے اور عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنے کے لیے ہمیں آواز اٹھانی ہوگی، خیبرپختونخوا حکومت چیلنجز کو مواقع میں بدلنے پر کام کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کرنے کے لیے فنڈز جنیریٹ کر رہے ہیں، ہم عوام کے پیسے کے امین ہیں اور عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کریں گے، ہم سے پوچھ گچھ ہوگی اور سوالات سے کسی کو استثنا نہیں ہوگا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر اصلاح کرنے کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا، جس پر جتنی ذمہ داری ہوتی ہے، اس سے اس کے بارے میں ضرور پوچھا جائے گا۔