عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، اعظم نذیر تارڑ
Share your love
لاہور: وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکیج دیا، عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے لاہور میں یوٹیلیٹی سٹور کا دورہ کیا، عوام کو دستیاب سہولیات، اشیائے خورونوش کی فراہمی اور معیار کا جائزہ لیا، ریٹ لسٹ بھی چیک کی۔
اعظم نذیر تارڑ نے یوٹیلیٹی سٹورز پر آنے والے صارفین سے گفتگو کی اور ان سے فراہم کی جانے والی اشیاء سے متعلق سوالات کئے۔
یوٹیلیٹی سٹورز سٹاف کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی سٹور پر گھی 335 روپے فی کلو اور چینی 109 روپے فی کلو فراہم کی جا رہی ہے، بی آئی ایس پی صارفین کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکیج دیا، عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، رمضان پیکیج میں بی آئی ایس پی کے صارفین کو سبسڈی کے علاوہ عام صارفین کیلئے بھی خصوصی رعایتی قیمت مقرر کی گئی ہے۔