پی ٹی آئی نے ججز کے خط پر انکوائری کمیشن کو مسترد کردیا
Share your love
لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) کے ججز کے خط کے مندرجات کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے انکوائری کمیشن کے قیام کو مسترد کردیا۔
رواں ہفتے منگل کو آئی ایچ سی کے 8 ججز میں سے 6 نے سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) کو لکھے گئے ایک خط میں انٹیلی جنس ایجنسیوں پر عدالتی کارروائی کو متاثر کرنے کے لیے ’’زبردستی کے حربے‘‘ استعمال کرنے کا الزام لگایا۔
اس سے قبل گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے معاملے پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں چیف جسٹس آف پاکستان کی وزیر اعظم سے ملاقات پر قومی عدلیہ اور قانونی سالمیت سے متعلق اس نازک معاملے پر گہرے خدشات کا اظہار کیا گیا۔
پارٹی نے اس معاملے کو شفاف اور کھلی کارروائی کے لیے سپریم کورٹ کے اوپن بینچ کو بھیجنے کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔
صورتحال کی سنگینی کو اجاگر کرتے ہوئے کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ایچ سی کے ججز کا خط وفاقی حکومت کے اداروں کے خلاف چارج شیٹ ہے۔
پی ٹی آئی نے الزام لگایا کہ حکومت ملک میں جاری غیر آئینی مداخلتوں کا سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والی ہے۔