معروف اداکار نثار قادری 82 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
Share your love
راولپنڈی : پاکستان ٹیلی ویژن، ریڈیو اور سٹیج کے معروف اداکار نثار قادری 82 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کے متعدد ڈراموں میں اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف فنکار نثار قادری کچھ عرصہ سے علیل تھے، ان کی نماز جنازہ آج عیدگاہ گراوٴنڈ چکلالہ میں ادا کی جائے گی۔
نثار قادری نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے 1966ء میں کیا تھا، انہوں نے پی ٹی وی کے کئی ڈراموں میں یادگار کردار ادا کئے، ان کی پہچان معروف ڈرامے ”ایک حقیقت ایک افسانہ“ کا مشہور ڈائیلاگ ”ماچس ہوگی آپ کے پاس“ بنا۔
اداکار نثار قادری کے دیگر ڈراموں میں خواہشیں، آتش، پورے چاند کی رات، آدھی دھوپ، اضطراب، انگار وادی، نجات، بہادر علی، کاروان اور سمندر شامل ہیں۔
ڈراموں میں منفی کردار ادا کرنے والے نثار قادری نے مزاحیہ شوز میں بھی نام کمایا، انہیں 2016 میں ٹی وی، ریڈیو اور سٹیج کیلئے خدمات کے سبب صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔