الیکشن ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کی تقرری کے آرڈیننس کے خلاف درخواست سماعت کے لئے مقرر
Share your love
لاہور: الیکشن ٹربیونل میں ریٹائرڈ ججوں کو مقرر کرنے سے متعلق صدارتی آرڈیننس کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا صدارتی آرڈیننس کے خلاف 3 جون کو سماعت کریں گے اور یہ درخواست ایک شہری مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے۔
درخواست میں وفاقی حکومت اور وزارت قانون سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ صدارتی آرڈیننس بدنیتی پر مبنی ہے، ٹربیونل مقرر کرنے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ آچکا ہے اور اس آرڈنینس کا اطلاق الیکشن 2024پر نہیں ہوسکتا۔
لاہور ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ مذکورہ صدارتی آرڈیننس کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا جائے اور درخواست پر حتمی فیصلے تک صدارتی آرڈیننس کا اطلاق روک دیا جائے۔