شاہین آفریدی کی دہشت نے بھارتی کپتان روہت شرما کی نیندیں حرام کر دیں
Share your love
کراچی:پاکستان کا بولنگ اٹیک دنیا کا سب سے بہترین بولنگ اٹیک ہے بالخصوص حالیہ افغان سیریز میں تیز رفتار بولرز نے دنیا میں ایک بار پھر اپنی دھاک منوا لی اور ماہرین نے اسے ورلڈ کپ میں مخالفین کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دے دیا ہے۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی دہشت نے بھارتی کپتان روہت شرما نیندیں حرام کر دیں اور انہوں نے ایشیا اور ورلڈ کپ میں اس سے نمٹنے کے لیے تدبیریں شروع کر دیں۔
یوں تو پاکستان کا ہر ایک بولر اپنے فن میں ماہر اور وکٹیں اڑانے کا فن بخوبی جانتا ہے لیکن لیفٹ آرم فاسٹ شاہین شاہ آفریدی کی دہشت ایسی ہے کہ جس نے بھارتی ٹیم کی نیندیں اڑا دی ہیں بالخصوص مخالف کپتان روہت شرما نے تو اس کے لیے ابھی سے تدبیریں کرنا شروع کردی ہیں۔
بھارت جو آئندہ ماہ 2 ستمبر کو ایشیا کپ اور پھر 14 اکتوبر کو ورلڈ کپ میں پاکستان کے مدمقابل آئے گا اس ٹاکرے میں بھارتی بیٹنگ کا مقابلہ پاکستان کی پاور فل بولنگ سے ہوگا۔ بھارتی کپتان روہت شرما جو ہمیشہ شاہین شاہ کے خلاف پریشانی کا شکار رہے ہیں انہوں نے اس سے نمٹنے کے لیے خصوصی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
روہت شرما نے نیٹ پر لیفٹ آرم پیسرز کو کھیلنے کی پریکٹس کی اور اس کے لیے فاسٹ بولر انیکیت چوہدری کو خصوصی طور پر انڈین ٹیم کے نیٹ پر بلایا گیا۔
بھارتی بیٹرز نے پاور پلے میں پاکستانی بولرز کو کھیلنے پر بھی فوکس کیا اور سابق کپتان ویرات کوہلی نے ایشیا کپ کیمپ میں اسپنرز کا سامنا کرنے کی تیاری کی۔
خیال رہے کہ روہت شرما انٹرنیشنل کرکٹ میں شاہین شاہ آفریدی کے خلاف ہمیشہ پریشانی کا شکار رہے ہیں، 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گولڈن ڈک ہوئے، 2022 میں شاہین کی پانچ گیندوں پر چار رنز بنائے جبکہ 2018 کے ایشیا کپ میں روہت نے شاہین کی 18 گیندوں پر 19 رنز بنائے تھے۔