لوگوں کی سماجی اور معاشی ترقی ہی حقیقی ترقی کی ضامن ہے،وزیراعظم
Share your love
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہے بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق صوبہ کے عوام کا ہے، ترقی کے حوالے سے میرا نظریہ لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے سے جڑا ہے، بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل محفوظ اور ذمہ دار ہاتھوں میں ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹ پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کل وفاقی وزرا، آرمی و نیول چیف، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان اور حکومتی افسران کے ہمراہ گوادرمیں اہم دن گزارا، ہم نے ترقی، بنیادی ڈھانچہ اور تعلیمی منصوبوں کے ایک سلسلہ کا سنگ بنیاد رکھا ہے جس سے علاقہ کی تقدیر بدل جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ اکا دکا کوششوں کے باوجود بلوچستان ہماری اجتماعی غفلت کا نشانہ بنا ہے، اس صوبہ نے دیگر وفاقی اکائیوں کے مساوی ترقی نہیں کی ہے جو باعث شرم ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترقی کیلئے میرا نظریہ لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے سے جڑا ہے، لوگوں کی سماجی اور معاشی ترقی وبہبود ہی حقیقی ترقی کی ضامن ہے، بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق صوبہ کے عوام کا ہے، جب ان کے اور ان کے بچوں کی زندگی میں بہترتبدیلی آئیگی تو وہ ترقی کے مالک اور حصہ داربن جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال آنے والے بدترین سیلاب کے دوران انہوں نے بلوچستان کے تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور حالات کا خود مشاہدہ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہے، لیٹ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران بلوچستان کے نوجوانوں سے میری ملاقات میرے دورے کا ایک اہم حصہ تھا، ان نوجوانوں کے چمکتے اور دھمکتے چہروں نے انہیں یقین دلایا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل محفوظ اور ذمہ دار ہاتھوں میں ہے۔