Enter your email address below and subscribe to our newsletter

جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دیدی

Share your love

چنئی: بھارت میں منعقدہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے 26 ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دیدی۔

بھارت کے شہر چنئی میں ہونیوالے آئی سی سی ورلڈ کپ 26 ویں میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 46.4 اوورز میں 270 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

جنوبی افریقہ نے 271 رنز کا ہدف 48 ویں اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ایڈن ماکرم 91 رنز کیساتھ نمایاں رہے، جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد پاکستان کی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی اور بھی مشکل ہوگئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کوک اور ٹیمبا باوما نے کیا تاہم کوئنٹن ڈی کوک 34 کے مجموعی سکور پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ ٹیمبا باوما 20 رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔

جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ 121 کے مجموعی سکور پر گری جب راسی وین ڈیر ڈوسن 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ہینرک کلاسن 12، ڈیوڈ ملر 29، مارکو جانسن 20 رنز بنا کر چلتے بنے۔

جنوبی افریقہ کی ساتویں وکٹ 250 کے مجموعی سکور پر گری جب ایڈن مارکرم 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 91 رنز کی اننگز کھیل کر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، جیڑالڈ کوٹزی 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، محمد وسیم ، اسامہ میر اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹسمین عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن ایک بار پھر اوپننگ جوڑی پاکستان کو شاندار آغاز فراہم نہ کرسکی۔

اوپننگ بیٹسمین عبد اللہ شفیق جنوبی افریقی کرکٹر مارکو جینسن کی گیند پر 17 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، اس کے بعد پاکستان کی اگلی وکٹ بھی مارکو جینسن نے لی، امام الحق 18 گیندوں پر 12 رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے۔

اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کچھ دیر مزاحمت دکھائی اور کپتان کا ساتھ دیتے ہوئے قومی ٹیم کا سکور آگے بڑھایا مگر یہ سلسلہ زیادہ دیر تک نہ چل سکا اور وہ 27 گیندوں پر 31 رنز بنا کر کوٹیزے کی گیند پر ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

رضوان کے بعد نئے آنے والے بلے باز افتخار احمد نے جارحانہ انداز تو اپنایا مگر وہ زیادہ دیر تک نہ چل سکا اور مڈل آرڈر بیٹر 21 رنز بنا کر چلتے بنے جس کے بعد قومی ٹیم کو اگلا نقصان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، قومی کپتان 65 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی چھٹی وکٹ 240 کے مجموعی سکور پر گری جب سعود شکیل 52 رنز بنا کر شمسی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان 43، محمد نواز 24، شاہین شاہ آفریدی 2 جبکہ محمد وسیم 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے 4 ، مارکو جانسن نے 3 ، جیرالڈ کوٹزی نے 2 اور لنگی نگیڈی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!