نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز، 17 رکنی قومی ٹیم کا اعلان،اہم کھاڑیوں کی واپسی
Share your love
لاہور : نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے 17 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔
لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے ممبر وہاب ریاض نے نیوز کانفرنس میں نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز کیلئے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔
ٹی 20 سیریز کیلئے سکواڈ میں کپتان بابراعظم، ابراراحمد، اعظم خان، فخر زمان ،افتخار احمد، عماد وسیم، عباس آفریدی، محمد رضوان، محمد عامر، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ عثمان خان، زمان خان اور شاداب خان بھی ٹیم کا حصہ ہیں، حارث رؤف کو انجری کی وجہ سے شامل نہیں گیا جبکہ محمد نواز کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
ٹیم کے ریزرو کھلاڑیوں میں حسیب اللہ، محمد علی، صاحبزادہ فرحان، آغا سلمان اور وسیم جونیئر شامل ہیں۔
سینئر ٹیم مینجر وہاب ریاض نے بتایا کہ ہم نے ورلڈکپ کو مدنظر رکھ کر بہترین ٹیم کا انتخاب کیا ہے، ہم لڑکوں سے بات کرچکے ہیں، ورک لوڈ کو مدنظر رکھ کر کھیلیں گے۔
اس موقع پر سلیکشن کمیٹی ممبر عبدالرزاق نے کہا کہ ہم سب نے مل کر ویژن سیٹ کیا ہے، ہم نے کوشش کی ہے کہ ہر پلیئر کے ساتھ انصاف ہو۔
محمد یوسف نے کہا کہ ہم سب کی ایک سوچ ہے، ہم ایسی ٹیم بنانا چاہ رہے ہیں کہ ہم رہیں یا نہ رہیں ٹیم ہر جگہ اچھا کھیلے، اس وقت سارے اچھے پلیئرز ہیں، پاکستان میں سے ہی چیف سلیکٹرز کا انتخاب کیا ہے اور گیری کرسٹن ہمارے ہیڈ کوچ ہیں۔
واضح رہے کہ پانچ میچوں کی سیریز 18 سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی جس کے لیے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی۔