تحریک انصاف کا2دسمبر کو انٹراپارٹی انتخابات کااعلان ،بیرسٹر گوہر پارٹی چیئرمین ہوں گے ،سینیٹر علی ظفر
Share your love
اسلام آباد:تحریک انصاف کے رہنماء سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ جب تک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں ہوتاچیئرمین انٹرپارٹی الیکشن نہیں لڑرہے ، انٹراپارٹی الیکشن میں قائم مقام پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر صاحب ہوں گے۔ 2 دسمبر کو انٹراپارٹی الیکشن کرائیں گے۔
اسلام آباد میں ترجمان روٴف حسن کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما سینیٹر علی ظفرنے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی الیکشن کا حکم دیا ، پی ٹی آئی نے 2021اور22میں انٹرا پارٹی الیکشن کرائے تھے، پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم الیکشن کمیشن کے پاس گئی اور دستاویزات پیش کیے، الیکشن کمیشن نے کہا ہم مطمئن ہیں کہ آپ نے یہ الیکشن کرایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں شک تھا الیکشن کمیشن یہ کوشش کررہا ہے کہ پی ٹی آئی کو بلا نہ دیا جائے، کہا گیا کہ آپ 20دن میں انٹرپارٹی الیکشن کرائیں، ہماری نظر میں یہ فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی تھا۔
علی ظفر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کا معاملہ آیا تو فیصلہ کیا دونوں راستے اپنائیں گے، اپیل بھی کریں گے اور انٹرپارٹی الیکشن بھی کرائیں گے، کل چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا فوراً انٹراپارٹی الیکشن کرائیں۔
ان کاکہنا تھا کہ اس سے پہلے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی نے قانونی ٹیم سے 2مشورے مانگے تھے، ہم نے چیئرمین پی ٹی آئی کے سوال کا جواب ڈھونڈا، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف صرف ایک فیصلہ ہوا جو توشہ خانہ کیس کا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے مطابق توشہ خانہ کیس کی سزا غیر آئینی و غیر قانونی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں، جس قسم کا الزام لگایا ہوا ہے اس کی وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی نااہل نہیں ہوسکتے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کل کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہے، میں جنرل الیکشن میں حصہ لینا چاہتا ہوں، جب تک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں ہوتاچیئرمین انٹرپارٹی الیکشن نہیں لڑرہے ، انٹراپارٹی الیکشن میں چیئرمین کیلئے بہت سی قد آور شخصیات کے نام آئے، انٹراپارٹی الیکشن میں قائم مقام پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر صاحب ہوں گے۔
علی ظفر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین پی ٹی آئی ہیں اور چیئرمین پی ٹی آئی پی ٹی آئی ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیرکچھ نہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میرے پاس چیئرمین پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کرنے کیلئے کوئی الفاظ نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی لیڈر ہیں چاہے وہ جیل کے اندر ہیں یا باہر ہیں ، میں اس وقت تک ذمہ داری نبھاوٴں گا جب تک چیئرمین پی ٹی آئی واپس نہیں آجاتے۔