Enter your email address below and subscribe to our newsletter

ترکیہ میں ایرواسپیس انڈسٹریز پر دہشت گردوں کا حملہ، ہلاکتوں کا خدشہ

Share your love

انقرہ:ترکیہ کے دارالحکومت میں قائم ایرواسپیس انڈسٹریز پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔

ترک خبرایجنسی انادولو نے رپورٹ کیا کہ اعلیٰ حکام نے کہا کہ انقرہ میں قائم ترکش ایرواسپیس انڈسٹریز (ٹی اے آئی) پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا ہے۔

وزیرداخلہ علی یارلیکایا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے حملے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے کارروائی کر رہی ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ تازہ خبروں کے لیے حکومت سے جاری ہونے والے بیانات پر انحصار کریں۔

ترکیے کے سینٹر فار کمبیٹنگ ڈس انفارمیشن نے ایکس پر زور دیا کہ عوام سرکاری ذرائع سے آنے والے خبریں دیکھیں اور بے بنیاد الزامات سے گریز کریں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ انقرہ کے ضلع کاہرامانکازان میں قائم ترکش ایرواسپیس انڈسٹریز میں دھماکا اور فائرنگ کی آواز سنی گئی اور بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز، فائر فائٹرز اور پیرامیڈکس کو جائے وقوع کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ دفاعی کمپنی کے عہدیداروں کو سیکیورٹی خدشات پر محفوظ جگہ منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!