پرویز مشرف پرحملے کی تحقیقات کرنے والے پولیس افسر کے قتل کے ملزمان بری
Share your love
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق فوجی حکمران جنرل (ر) پرویز مشرف پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کرنے والے راولپنڈی کے سابق پولیس افسر راجا ثقلین قتل کیس کے ملزمان کو بری کر دیا۔
جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس ملک شہزاد احمد پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کے بعد ملزم کو بری کرنے کا فیصلہ سنادیا۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے 1-2 کے تناسب سے ملزمان کو بری کردیا، جسٹس عائشہ ملک نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا۔
انسپکٹر راجا ثقلین کو 2004 میں راولپنڈی میں قتل کیا گیا تھا، انسپکٹر راجا ثقلین سابق صدر پرویز مشرف حملہ کیس کے تفتیشی افسر تھے۔
مذکورہ کیس کے چار ملزمان میں سے ایک ملزم عید محمد دوران قید انتقال کر گیا تھا جبکہ دیگر ملزمان میں ارشد ستی، طاہر عباسی اور قاری یونس بری ہونے والوں میں شامل ہیں۔