قرآن پاک کی بے حرمتی کا اقدام آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا،ترجمان دفتر خارجہ
Share your love
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کاکہنا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کا اقدام آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، وزیر خارجہ نے چند دنوں میں دنیا بھر کے اہم رہنماوٴں سے بات کی، دنیا بھر کے رہنماوٴں کو فون کالز میں اسلاموفوبیا اور بی ایس جی آئی کے امور پر بات کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان ڈنمارک میں ہمارے سفارتخانے کے باہر قرآن کی بے حرمتی کی سختی سے مذمت کرتا ہے ، پاکستان نے قرآن کی بے حرمتی کے واقعہ پر ڈنمارک سے شدید احتجاج کیا۔
ترجمان نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کا اقدام آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، وزیر خارجہ نے چند دنوں میں دنیا بھر کے اہم رہنماوٴں سے بات کی، دنیا بھر کے رہنماوٴں کو فون کالز میں اسلاموفوبیا اور بی ایس جی آئی کے امور پر بات کی گئی۔
پاک بھارت تعلقات پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیان کی شدید ترین مذمت کرتا ہے، بھارتی وزیر دفاع کا بیان بھارت کے ہمسایہ ممالک کی جانب جارحانہ رویے کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیزیوں کا جواب دینے کی بھرپور تیاریوں کے باوجود پاکستان بھارت کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کرتا ہے، آزاد جموں و کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 15 پاکستانیوں کی باقیات پاکستان پہنچ گئی ہیں، یونانی انتظامیہ نے مطلع کیا ہے کہ لاشوں کے ڈی این اے کی میچنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے ، موصول ہونے والی میتوں کے علاوہ کسی اضافی پاکستانی کی شناخت نہیں ہو سکی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہاکہ ہم بھارتی منی پور میں اقلیتوں پر مظالم کو دیکھ رہے ہیں، بھارت اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستانیوں کے قتلِ عام میں ملوث افراد یا گروہوں سے مذاکرات نہیں کریں گے، پاکستان میں قتل عام میں ملوث افراد سے بات نہیں ہوگی، یہ موقف مذاکرات کی بات کرنے والوں کو پہنچا دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر الجہتی موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا ہے، وزیر خارجہ نے امریکی سیکرٹری خارجہ کو پاکستان کے جمہوری عمل پر عزم سے آگاہ کیا۔