چاند کے مدار سے زمین کی تصویر لینے والا امریکی خلا باز طیارہ حادثے میں ہلاک
Share your love
نیویارک :چاند کے مدار سے زمین کی تصویر لینے والا امریکی خلا باز 90 سال کی عمر میں طیارہ حادثے میں ہلاک ہوگیا۔
ولیم اینڈرس امریکی خلائی اور تحقیقاتی ادارے( ناسا) کے خلا باز تھے جنہوں نے خلائی مشن اپالو 8 میں اپنی خدمات پیش کی تھیں، ان کا شمار اپالو 8 کے ان پہلے 3 خلا بازوں میں ہوتا ہے جنہوں نے زمین کے آخری مدار سے چاند کی جانب سفر کیا تھا۔
ناسا کے سابق خلا باز نے چاند کے مدار سے زمین کی ایک تصویر لی تھی جس میں چاند کی سطح کا ایک حصہ بھی موجود ہے، اس تصویر کو Earthrise کا نام دیا گیا تھا اور یہ تصویر 24 دسمبر 1968 کو اپالو 8 مشن کے دوران لی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ولیم اینڈرس ایک چھوٹے طیارے کو بطور پائلٹ اڑا رہے تھے جو حادثے کا شکار ہوگیا اور امریکی ریاست واشنگٹن کے سمندر میں جا گرا، ناسا کے خلا باز کی موت کی تصدیق ان کے بیٹے نےکی۔
امریکی کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ کئی گھنٹے کی محنت کے بعد سمندر سے ولیم اینڈرس کی لاش کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔