Enter your email address below and subscribe to our newsletter

توشہ خانہ فیصلے کے خلاف اپیل واپس لینے کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر

Share your love

اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے توشہ خانہ فیصلے کے خلاف اپیل واپس لینے کی درخواست کل سماعت کے لیے مقرر ہو گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق سماعت کریں گے، رجسٹرار آفس نے اپیل واپس لینے کی درخواست اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لیے مقرر کی، رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا تھا کہ اپیل واپس لینے کی درخواست پہلے بھی زیر التوا ہے نئی دائر نہیں ہو سکتی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اپیل لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے واپس لینے کی درخواست کی، الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر 2022 کو چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ سنایا تھا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی۔

درخواست کے مطابق الیکشن کمیشن نے بعد ازاں نوٹس جاری کر دیا کہ کیوں نہ پارٹی چیئرمین شپ سے بھی ہٹایا جائے، الیکشن کمیشن کا پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا نوٹس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا، لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیدیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں لارجر بینچ بننے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ سے اپیل واپس لینے کی درخواست دی، اسلام آباد ہائیکورٹ سے اپیل واپس لینے کی درخواست پر تاحال فیصلہ نہیں ہو سکا۔

درخواست کے مطابق اپیل واپس لینے کی درخواست میں تاخیر سے درخواست گزار کے بنیادی آئینی حقوق متاثر کئے جا رہے ہیں، اپیل واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ نہ کرنا درخواست خارج کرنے کے مترادف ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی متفرق درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اپیل واپس لینے کی درخواست منظور کی جائے۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!