چینی بچے نے سکول نہ جانے کیلئے انوکھا بہانا بنا لیا
Share your love
بیجنگ:بچے اسکول نہ جانے کے لیے اکثر بہانے بناتے ہیں لیکن چین میں ایک بچے نے تو ساری حدیں ہی پار کر دیں۔
چینی اخبار کے مطابق اس بچے کی اسکول نہ جانے کے لیے بنائی جانے والی کہانی چین میں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 7 سالہ شرارتی چھوٹے بچے نے اپنا ہوم ورک مکمل نہ ہونے پر پولیس کو فون کر کے کہا کہ اس کے والد نے اُسے مارا ہے تاکہ وہ اسکول نہ جا سکے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بچے کی اس فون کال پر پولیس نے فوری طور پر انکوائری شروع کر دی جس کے لیے پولیس نے بچے سے ملاقات کی اور پوچھا کہ کیا تم نے پولیس کو بلایا ہے اور تمہیں کس نے مارا ہے؟
لڑکے نے پولیس اہلکار کو بہت ہی نرمی سے تاہم پریشان انداز میں جواب دیا کہ میرے والد نے۔
رپورٹس کے مطابق بچے کے جواب پر پولیس اہلکار اُس کی پیٹھ پر آہستہ سے تھپکی دے کر پوچھتا ہے کہ کیا اس طرح مارا تھا جس پر لڑکا ہاں میں سر ہلاتا ہے۔
بچے کے اس جواب پر پولیس اہلکار کو شک ہو جاتا ہے کہ وہ بہانہ بنا رہا ہے جس پر پولیس اہلکار جواب دیتا ہے کہ یہ اتنی زور سے تو نہیں تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مزید تفتیش کے بعد پولیس نے طے کیا کہ لڑکے نے اسکول سے بچنے کے لیے یہ کہانی گھڑ لی تھی کیونکہ اس نے اپنا اسکول کا کام مکمل نہیں کیا تھا۔