بانی پی ٹی آئی صرف پاکستانی نہیں امت مسلمہ کے لیڈر ہیں،علی محمد خان
Share your love
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی صرف پاکستانی نہیں امت مسلمہ کے لیڈر ہیں یہ ملک باہر کی ڈکٹیشن پر نہیں چلے گا۔
پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کی پارلیمنٹری پارٹی کی بیٹھک ہوئی، ہمارے کچھ نئے اور پرانے ممبران نے شرکت کی، قوم ہمارے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہے۔
علی محمد خان نے کہا کہ یہ ملک باہر کی ڈکٹیشن پر نہیں چلے گا، بانی پی ٹی آئی عوام کیلئے حقیقی معنوں کی بات کرنے پر سزا کاٹ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی صرف پاکستانی نہیں امت مسلمہ کے لیڈر ہیں، ہماری پہلی منشا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک پرامن لیکن پرزور سیاسی جدوجہد کریں گے، ہمارے مینڈیٹ کا آدھا حصہ ہم سے لے لیا گیا ہے، پورا کا پورا کراچی ہم سے چھین لیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ نوازشریف مانسہرہ سے اپنی سیٹ ہارے ہیں، نوازشریف لاہور سے بھی ہارے ہیں لیکن فارم 47 پر جیتے ہیں، اسلام آباد میں بھی ہمارے لوگوں کو فارم 47 پر ہرایا گیا، ہمارے لوگوں نے ووٹ ڈالا لیکن رزلٹ کسی اور کا نکلا، ہماری التجا ہے سپریم کورٹ فارم 45 اورفارم 47 کا کوئی حل نکالے۔
علی محمد خان نے کہا کہ عوام کی بانی پی ٹی آئی سے توقع ہے کہ ان کے مینڈیٹ کی حفاظت ہو، ہم کوشش کریں گے اصل مینڈیٹ سامنے آئے، بانی پی ٹی آئی وزیراعظم کی سیٹ پر بیٹھیں، بانی پی ٹی آئی کو غیروں کی ایما پر ہٹایا گیا۔