محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی نوید سنادی
Share your love
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 3 سے 8 جولائی تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو گا، بحیرہ عرب میں مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 3 جولائی سے شروع ہونے والا مون سون بارشوں کے سلسلے کے تحت 8 جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی مری، گلیات اور چکوال، میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق5 سے 8 جولائی تک بارکھان، لسبیلہ، ڈی آئی خان اور ملتان سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، 7 اور 8 جولائی کو سکھر، جیک آباد، ٹھٹھہ، عمر کوٹ حیدرآباد میں بھی بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے 4 سے 7 جولائی تک راولپنڈی، اسلام آباد میں اربن فلڈنگ اور کشمیر، گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، مزید برآں 6 سے 8 جولائی کو موسلا دھار بارش سے ڈی آئی خان میں سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے سیاحوں کو محتاط رہنے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔