اسرائیلی حملوں میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 690 جبکہ ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 1100ہو گئی

غزہ: اسرائیلی فورسز کے غزہ پر مسلسل حملوں کے نتیجے میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 690 ہوگئی جبکہ 3700 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں بیسیوں شہادتیں ہوئیں، اسرائیلی حملوں میں طبی عملے کے 5 ارکان بھی شہید ہوگئے۔

اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 7 مساجد، 72 عمارتیں تباہ ہو گئیں، عمارتوں کے ملبے تلے کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب لبنانی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ لبنان کی سرحد پر حزب اللہ سے لڑائی میں اسرائیلی فوج کے ڈپٹی کمانڈر سمیت 2 فوجی ہلاک ہو گئے۔

اسرائلی فورسز پر حماس کے زمینی حملے بھی جاری ہیں، حماس کے حملوں میں ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 1100 جبکہ 2 ہزار 741 افراد زخمی ہوئے۔

یہودی آبادکاروں کی ایک بستی میں حماس کے ہاتھوں ہلاک 108 اسرائیلیوں کی لاشیں ملی ہیں، برآمد لاشوں میں سے 100 لاشیں اسرائیلی فوجیوں کی ہیں۔