امریکا میں یوم آزادی کی تعطیلات میں فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی
Share your love
واشنگٹن:امریکا میں یوم آزادی کی تعطیلات میں فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔
امریکی ریاست شمالی لوویزیانا میں یوم آزادی کے جشن کی تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق جائے وقوعہ پر ہر سال کی طرح اس سال بھی آزادی کا جشن منایا جا رہا تھا کہ اچانک مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ 2 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ ایک نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔
فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی اور متعدد افراد کو پارکنگ میں زخمی حالت میں ریسکیو کیا گیا جن میں سے 6 افراد کو اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ حملہ آور فرار ہوگیا جسے پولیس نے تعاقب کے بعد گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ تاحال واقعے کی محرک کا تعین نہیں ہوسکا۔ تفتیشی عمل جاری ہے۔
یاد رہے کہ امریکا میں یوم آزادی کی تعطیلات میں فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی جب کہ زخمیوں کی تعداد 48 ہے۔
گزشتہ روز ٹیکساس اور فلاڈلفیا میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں مجموعی طور پر 7 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جب کہ اس سے قبل بالٹی مور میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے تھے۔
صدر جوبائیڈن نے امریکی یوم آزادی کی تعطیلات میں فائرنگ کے واقعات میں قیمتی انسانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کو قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
امریکا میں فائرنگ کے بڑھتے واقعات کی وجہ گینگ وار اور اسلحہ کی بے پناہ خرید و فروخت ہے۔ حکومت اسلحے کی خرید و فروخت کے قانون کو سخت کرنے پر غور کر رہی ہے۔