امریکا اور برطانیہ کی جانب سے یمنی حوثیوں کیخلاف آپریشن شروع
Share your love
صنعاء: یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے خلیج عدن میں تجارتی جہازوں پر حملے جاری ہیں جبکہ حملوں کے جواب میں امریکا اور برطانیہ نے بھی حوثیوں کیخلاف آپریشن شروع کر دیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثی ترجمان کا کہنا ہے کہ خلیج عدن میں تجارتی جہاز پر میزائل حملہ کیا گیا ہے جس میں جہاز کو نقصان پہنچا، غزہ پر اسرائیلی جارحیت بند ہونے تک بحری جہازوں پر حملے جاری رہیں گے۔
دوسری جانب بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کی حفاظت پر مامور امریکی فوج کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے بحری جہاز پر میزائل داغے گئے جو جہاز کے قریب گرے۔
میزائل حملوں کے بعد بحیرہ احمر میں امریکا اور برطانیہ کی جانب سے حوثیوں کیخلاف آپریشن شروع کر دیا گیا جس میں طیارہ بردار جہاز اور سب میرین حصہ لے رہے ہیں، دونوں ممالک کی جانب سے یمنی دارالحکومت صنعا سمیت مختلف شہروں میں حملے کئے گئے ہیں۔
ادھر حوثیوں نے امریکا اور برطانیہ کے حملوں کی تصدیق کر دی، حوثی رہنما عبد المالک نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور برطانیہ کو جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ہمارا ردعمل امریکا اور اس کے اتحادیوں کی توقع سے بڑھ ہو کر ہو گا۔
عبدالمالک نے مزید کہا ہے کہ اسرائیل سے تعلق رکھنے والے جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا، امریکا، برطانیہ اور اسرائیل سے لڑنے کیلئے تیار ہیں، دشمنوں کو میزائل اور ڈرون سے نشانہ بنائیں گے۔