پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہوسکا،شہریوں کا جینا محال
Share your love
پشاور: پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہوسکا، شہری علاقوں میں15 سے18 جبکہ دیہی علاقوں میں 18 سے 22 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔جس سے شہری شدید ذہنی اذیت کاشکار ہیں ۔
بجلی کی طویل لوڈشیدنگ سے شہریوں کا جینا محال ہو چکا ہے، کاروباری نظام بھی مفلوج ہو کر رہ گیا جبکہ گرمی کی وجہ سے شہری حکومت کو بدعائیں دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے صوبے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے نوٹس پر صوبائی محکمہ داخلہ نے تمام ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ دیا۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بعض مقامات پر 22 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، بعض اضلاع میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج بھی ہو رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو پیسکو حکام سے میٹنگ کی ہدایات دی ہیں۔
خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز لوڈشیڈنگ کے اوقات کی مانیٹرنگ کریں، کسی بھی ضلع میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے زائد نہ ہو، خرابی کی صورت میں کم سے کم وقت میں بجلی بحال کی جائے۔