وزیراعظم کا اماراتی صدر سے رابطہ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر زوردیا
Share your love
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے حالیہ بارشوں کے دوران کیے گئے اقدامات کو سراہا اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان آج شام کو ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
بیان میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے اس بلند حوصلے، مضبوط عزم اور بے مثال کارکردگی کو سراہا جس کے ساتھ انہوں نے حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر کی تعریف کی جنہوں نے ایک بار پھر اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اماراتی عوام کی فلاح و بہبود یقینی بنائی۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان میں بھی حالیہ دنوں میں شدید بارشیں ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔
وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا اور تجویز دی کہ دونوں ممالک اس شعبے میں اپنا تعاون مضبوط کریں۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ زاید بن النہیان نے وزیراعظم کی نیک تمناؤں کو سراہتے ہوئے پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور جذبات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔