سعودی وزارت حج کا زائرین کوخدمات کی فراہمی میں کوتاہی پرعمرہ کمپنیوں کے لائسنس منسوخی کا اعلان
Share your love
ریاض:سعودی وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ عمرہ زائرین کو خدمات کی فراہمی اور بعض ذمہ داریوں میں کوتاہی پر متعدد عمرہ کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کردیئے جائیں گے۔
سعودی اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قصور وارعمرہ کمپنیوں سے متعلق ذمہ داریوں میں کوتاہی کے ثبوت ملنے پر ان کے خلاف مناسب سزاؤں کا فیصلہ جاری ہوگا۔
وزارت حج و عمرہ نے اس سے قبل خبردار کیا تھا کہ زائرین کی خدمت میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی، کوتاہی برتنے والی کمپنی کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی، زائرین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔
وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ عمرہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے تفتیشی دورے ہوں گے، اگرعمرہ زائرین کی جانب سے کسی کمپنی کے خلاف شکایت موصول ہوئی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔
وزارت حج و عمرہ نے داخلی اور بیرونی زائرین سے کہا ہے کہ وہ پرمٹ ہولڈرز عمرہ کمپنیوں کے ذریعے عمرہ پروگرام بنائیں۔