اسرائیلی حملوں پرخاموشی، اُشنا شاہ ملالہ سمیت دیگر مشہور شخصیات پربرس پڑیں
Share your love
کراچی: فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے خلاف اپنی آواز بُلند کرنے والی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے ملالہ یوسف زئی سمیت تمام مشہور شخصیات کو آڑے ہاتھوں لے لیا جو اس وقت خاموش ہیں۔
گزشتہ شب سے غزہ پر اسرائیل کی جانب سے فضائی، زمینی اور سمندری حملے جاری ہیں جس کے بعد غزہ کا دُنیا سے رابطہ ٹوٹ گیا ہے، ایسے میں اُشنا شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تمام مشہور شخصیات اور فنکاروں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
اُشنا شاہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ “اُن تمام مشہور شخصیات، ثقافت سازوں، فلاح و بہبود پر اثر انداز ہونے والے، روشن خیالی پر اثر انداز کرنے والے، لائف کوچز، فلمی ستاروں، گلوکاروں، کھلاڑیوں، یوسفزئی، شیٹیوں کو یاد رکھیں، جو آج بھی اسرائیلی دہشتگردی پر خاموش ہیں”.
اداکارہ نے کہا کہ “جب انہیں بیرون ممالک مقیم افراد سے فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے تو فوراََ آواز اُٹھاتے ہیں لیکن آج دنیا کو ان کی آواز کی ضرورت ہے تو یہ خاموش ہیں”۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ “جب اس قتلِ عام کے بعد روشنی کا سورج طلوع ہوگا تو ہر کوئی ان شخصیات کی خاموشی کو یاد رکھے گا”۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بھرپور طاقت کے ساتھ آپریشن اور وحشیانہ بمباری شروع کردی ہے، جس کی نتیجے میں غزہ کی پٹی میں مواصلاتی نظام مکمل تباہ ہوگیا ہے۔
اسرائیلی بمباری سے آخری بچنے والی انٹرنیشنل کیبل بھی تباہ ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے غزہ کا رابطہ دنیا سے کٹ گیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ میں 100 سے زائد اسرائیلی فضائی طیارے بمباری کررہے ہیں جبکہ ٹینکس اور توپوں کے ذریعے بھی بمباری کی جارہی ہے، جس کی وجہ سے ہر طرف تباہی اور آگ لگی نظر آرہی ہے۔
یہ اسرائیل کا غزہ پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ ہے، سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات اور فنکار برادری کی جانب سے اسرائیل کے خلاف آواز بُلند کی جارہی ہے اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔