میانوالی میں مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی
Share your love
میانوالی: میانوالی میں مارے گئے دونوں دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی۔جبکہ نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے میانوالی حملہ ناکام بنانیوالے اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق زبیر نواز کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے ہے جو لکی مروت کے ٹی ٹی پی امیر ارشد نواز کا بھائی تھا۔
حکام کا بتانا ہے کہ زبیر نواز پنجاب میں فرقہ وارانہ قتل، بھتہ خوری اور سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دوسرے دہشت گرد کی شناخت محمد خان کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق بھی کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں دہشت گردوں کی شناخت انٹیلی جنس ایجنسیوں اور جدید سافٹ ویئرز کی مدد سے ہوئی۔
خیال رہے کہ آج پنجاب پولیس نے میانوالی کنڈل پیٹرولنگ پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا تھا۔
دوسری جانب نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عیسیٰ خیل کنڈل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔
محسن نقوی کا دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے اہلکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں نے بہادری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔
اُنہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے جان پر کھیل کر بروقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کاحملہ ناکام بنایا۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے حملے میں شہید پولیس اہلکار ہارون خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ شہید پولیس اہلکار ہارون خان نے فرض کی ادائیگی میں جان دے کر اعلیٰ مثال قائم کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید ہارون خان قوم کا ہیرو ہے، اس کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
اُنہوں نے شہید ہارون خان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا ہے کہ شہید اہلکار ہارون خان کے اہلِ خانہ کی ہر ممکن دیکھ بھال کی جائے گی۔