کٹھ پتلی وزیراعظم کا خطاب جھوٹ، مکر اور فریب کا مجموعہ ہے،پی ٹی آئی
Share your love
لاہور:پاکستان تحریک انصاف نے واضح کیا ہے کہ کٹھ پتلی وزیراعظم کا خطاب جھوٹ، مکر اور فریب کا مجموعہ اور بدترین نااہلی اور مجرمانہ کارکردگی پر پردہ پوشی کی مایوس کن کوشش ہے۔پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے اور قوم کے کھوئے ہوئے مقام کی بحالی کا پہلا زینہ ان مجرموں سے نجات ہے، کٹھ پتلی راج کی مزید سرپرستی سے توبہ کرکے مستقبل قوم کے سپرد کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔
وزیراعظم کے قوم سے خطاب پر پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ردّعمل میں کہا ہے کہ تقریر نویسوں کی لفاظی سے جادو جگانے اور بے مغز گفتگو سے قوم کو شیشے میں اتارنے کی کوششیں پہلے کامیاب ہوئیں نہ اب ہوں گی،شہبازشریف کی پوری سیاست روزِ روشن کیطرح قوم کے سامنے ہے۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ زرداری کو لاڑکانہ، لاہور اور پشاور کی گلیوں میں گھسیٹنے والا شہباز شریف ملک کو ”شبانہ روز“ تباہی کی دلدل میں اتارنے والے شہباز شریف سے ہرگز مختلف نہیں۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ زرداری کا پیٹ پھاڑ کر قوم کی لوٹی گئی دولت واپس لانے والا شہبازشریف آئی ایم ایف کی دہلیز پر سجدہ ریز شہباز شریف سے بالکل مختلف نہیں، فرق محض اتنا ہے کہ اپریل 2022 میں قوم کے سر پر مسلّط ہونے والا شہبازشریف ”ڈگی“ جیسی آزمائش سے کامیابی سے گزر کر آیا تھا۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اپریل 2022 میں مسلّط کئے جانے والا شہبازشریف ایک ہاتھ میں ”چیری بلاسم“ کی ڈبیا تھام کر دوسرے سے سیلیوٹ مارتا ہے،15 ماہ کے اقتدار کے بعد قوم کلیتاً جان چکی ہے کہ شہباز شریف شعبدہ بازی، مکروفریب اور غلامی و چاکری کا جیتا جاگتا استعارہ ہے۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ شہباز شریف نے 15 ماہ میں 6% کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کو 0.3% پر پہنچایا،
سازش اور شرارت سے قوم پر مسلّط کی گئی سرکار نے ساڑھے تین سال کے امن کو آگ لگا کر ملک کو دہشتگردی اور بدامنی کے سپرد کیا۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اشتہاروں سے خوشحالی و ترقی کے مینار تعمیر کرنے والے شہباز شریف نے ایک سال میں ساڑھے آٹھ لاکھ پاکستانیوں کو ملک چھوڑنے پر مجبور کیاپندرہ ماہ میں کٹھ پتلی راج نے ملک میں آئین پامال، قانون رسواء اور نیب سمیت قومی اداروں کو تباہ کیا۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ وزارتِ عظمیٰ پر بیٹھ کر تاریخ کے اس نایاب مسخرے نے آزادئ اظہار کا گلا گھونٹ کر ملک پر بنیادی حقوق سے محرومی کی سیاہ رات مسلط کی،تاریخ کی پہلی مخلوط امپورٹڈ حکومت نے اقدار کو تباہ، انسانی شرف کو مجروح اور شہریوں کی عزت و وقار کو بےدردی سے پامال کیا۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی سرکردگی میں مجرموں کی حکومت نے ملک کو بےسمت اور عالمی تنہائی کا شکار کیا، کشکول کو حکومتی امتیاز کی علامت بنانے والے ان عیاش طبع بھکاریوں پر آئی ایم ایف سمیت کوئی بھروسہ کرنے کو تیار نہیں ہواپاکستان کو آئی ایم ایف سے ڈیل تحریک انصاف کی تائید و حمایت کے بعد ہی میسر ہوسکی۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے اور قوم کے کھوئے ہوئے مقام کی بحالی کا پہلا زینہ ان مجرموں سے نجات ہے، کٹھ پتلی راج کی مزید سرپرستی سے توبہ کرکے مستقبل قوم کے سپرد کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔سنگین غلطیوں پر اصرار کی بجائے ان سے گریز کیا جائے اور سیاست اور ریاست دونوں کو عوام کی منشاء کے تابع کیا جائے-