Enter your email address below and subscribe to our newsletter

ورلڈ کپ،پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے روک دیا گیا

Share your love

بنگلور: بھارت میں جاری آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے 35ویں میچ میں نیوزی لینڈ کے 402 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر 160 رنز بنا لیے۔تاہم بارش کے باعث میچ روک دیا گیا ہے ۔

پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں بہتر آغاز نہ کر سکی، گرین شرٹس کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گر گئی، پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق 9 گیندوں پر چار رنز بنا کر پویلین چلتے بنے تاہم فخر زمان نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر شاندار سنچری سکور کی۔

فخر زمان 69 گیندوں پر 9 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ ان کے ساتھ بیٹنگ کر رہے کپتان بابر اعظم 51 گیندوں پر 47 رنز بنا چکے ہیں۔

بھارت کے شہر بنگلورو کے ایم چنا سوامی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کیویز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کے آغاز پر محتاط انداز اپناتے ہوئے 7ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے 50 رنز مکمل کیے تاہم 68 رنز کے مجموعی سکور پر بلیک کیپس کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا، کیوی اوپنر ڈیون کانووے 39 گیندوں پر 35 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

کیوی کپتان کین ولیمسن نے کریز پر آکر جارحانہ کھیل کا آغاز کیا اور بلیک کیپس نے 29 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز مکمل کئے، بعدازاں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 79 گیندوں پر 95 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 261 رنز کے مجموعے پر گری، کیوی بلے باز رچن رویندرا نے جارحانہ اننگز کھیلی اور 94 گیندوں پر 108 رنز بنا کر وسیم جونیئر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 318 رنز پر گری جب کیوی بلے باز ڈیرل مچل 18 گیندوں پر 29 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے، بلیک کیپس کا پانچواں نقصان 345 رنز کے اجتماعی سکور پر ہوا، کیوی بلے باز مارک چیپمین 27 گیندوں پر 39 رنز بنا کر وسیم جونیئر کی گیند پر پویلین چلتے بنے۔

کیویز کا چھٹا نقصان 48 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 388 رنز کے مجموعے پر ہوا، گلین فلپس نے 25 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی اور وسیم جونیئر کا شکار بنے۔

تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے وسیم جونیئر نے 3، حسن علی، افتخار احمد اور حارث رؤف نے 1،1 کھلاڑی کو پویلین بھیجا جبکہ شاہین آفریدی کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

اس سے قبل ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، سپنر اسامہ میر کی جگہ فاسٹ باؤلر حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، گزشتہ میچز میں ہماری باؤلنگ اچھی رہی، نیوزی لینڈ کو کم سکورز تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔

ادھر کیویز کی ٹیم میں کین ولیمسن کی واپسی ہوئی ہے، ٹاس کے موقع پر کیوی کپتان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسا سوچا تھا پچ اس سے مختلف لگ رہی ہے، پاکستان کو اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے پاکستان کے پاس آج آخری موقع ہے، قومی ٹیم کیلئے آج نیوزی لینڈ کو اچھے مارجن سے ہرانا ضروری ہے۔

ورلڈ کپ کے میچز میں بھی قومی ٹیم کو بلیک کیپس پر برتری حاصل ہے، پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 9 بار مدمقابل آئیں، 7 میں شاہینوں نے کامیابی حاصل کی جبکہ 2 میچز میں جیت کیویز کے نام رہی۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!