احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم ، نریندر مودی کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی
Share your love
نئی دہلی :آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے میچز کے دوران ممبئی پولیس کو احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوگئی۔ای میل میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دہشتگرد گروپ نے حملوں کو انجام دینے کیلئے متعدد افراد کو سرگرم کردیا ہے۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کو ای میل موصول ہوئی ہے، جس میں احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے جبکہ دہشتگروں نے 500 کروڑ روپے ادا کرنے اور گینگسٹر روی بشنوئی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ای میل میں کہا گیا ہے کہ ”اگر حکومت ہمیں 500 کروڑ بھارتی روپے اور لارنس بشنوئی کو رہا کرنے میں ناکام رہی تو ہم احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اڑا دیں گے، ہندوستان میں سب کچھ بکتا ہے تو ہم نے بھی کچھ خریدا ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کتنے محفوظ ہیں، آپ ہم سے محفوظ نہیں رہ سکیں گے“۔
ادھر احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں 8 اکتوبر اتوار کو آسٹریلیا اور بھارت کا میچ شیڈول ہے جبکہ اسی گراوٴنڈ پر ورلڈکپ کا سب سے بڑا ٹاکرا پاک بھارت میچ 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
ای میل میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دہشتگرد گروپ نے حملوں کو انجام دینے کیلئے متعدد افراد کو سرگرم کردیا ہے۔
ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز ای میل کی تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ سیکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کردیا ہے۔ ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ میل یورپ سے آیا ہے، آئی ڈی کا معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔اعلیٰ افسر کا کہنا تھا کہ ای میل موصول ہونے کے بعد ورلڈکپ میچز کے دوران سیکیورٹی بڑھائی جائے گی