توشہ خانہ کیس،پانچ نئے گواہوں کو فہرست میں شامل کرنے کی الیکشن کمیشن کی درخواست پر دلائل کا آغاز نہ ہو سکا
Share your love
اسلام آباد:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس میں استغاثہ کے پانچ نئے گواہوں کو فہرست میں شامل کرنے کی الیکشن کمیشن کی درخواست پر دلائل کا آغاز نہ ہو سکا، عدالت نے الیکشن کمیشن کی استدعا پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کی، الیکشن کمیشن کے وکلا اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر عدالت کے سامنے پیش ہوئے ۔
وکیل الیکشن کمیشن سعد حسن نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ امجد پرویز آج ذاتی مصروفیات کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکیں گے، دلائل امجد پرویز ہی دیں گے، سماعت کل تک ملتوی کی جائے۔
جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیے کہ ہفتے کو سماعت ممکن نہیں ہے کیونکہ کچہری کی شفٹنگ ہے،ہفتے کو یہاں کوئی کیس نہیں ہو سکے گا، پیر کو نئی کچہری میں سماعت کریں گے۔
سپریم کورٹ کے بعد گڈ ٹو سی یو کے الفاظ کا کچہری میں بھی تذکرہ ہوا۔جج ہمایوں دلاور نے بیرسٹر گوہر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر صاحب! آج کل بہت مصروف ہیں،جس پر بیرسٹر گوہر نے کہاکہ گڈ ٹو سی یو،ان نیو کچہری، نئی کچہری میں نئے ماحول کے ساتھ سماعت ہو گی۔
بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔