Enter your email address below and subscribe to our newsletter

قبائلی عمائدین کی ایک بار پھر ناراض بلوچوں کو بات چیت کی دعوت

Share your love

کوئٹہ: مسلح جدوجہد ترک کر کے قومی دھارے میں شامل ہونے والے سابق ریاست مخالف عسکریت پسندوں نے بلوچستان کے مسلح افراد سے اسلحہ پھینکنے کی اپیل کردی جبکہ قبائلی عمائدین نے بھی ناراض بلوچوں کو ہتھیار پھینکنے کی صورت میں بات چیت کی دعوت دے دی۔

بلوچستان میں منعقد جرگے سے خطاب کرتے ہوئے گلزار امام شمبے نے کہا کہ پندرہ سال تک مسلح جدوجہد کی تاہم اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ بلوچستان مسائل کا حل سیاسی بات چیت کے ذریعے ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح جدوجہد کرنے والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اسلحہ پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہوں اور اپنے صوبے و قوم کی خدمت کریں کیونکہ اس کے بغیر کوئی اور بحالی کا راستہ نہیں ہے۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے نگراں صوبائی وزیر میر جمال رئیسانی نے کہا کہ میں شہداء کی فیملی سے ہوں اور ہمارے خاندان نے ملک کے لئے جانی قربانیاں پیش کی ہیں اور ہم اس پر فخر کرتے ہیں۔

سردار عمر خان گورگیج نے سفارش کی کہ مقامی سطح کے چھوٹے تنازعات کو مقامی سطح پر حل کرکے امن کے فروغ کو یقینی بنایا جائے جبکہ نواب محمد خان شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار قیام امن کیلئے حکومت اور قبائلی شخصیات کے درمیان اعتماد کی بحالی ضروری ہے۔

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ معتبرین کے ذریعے قبائلی جھگڑوں کے خاتمے کیلئے کوششیں تیز کی جاسکتی ہیں، بلوچستان دیرینہ قبائلی جھگڑوں کی لپیٹ میں ہے۔

قبائلی عمائدین نے ایک بار پھر ناراض بلوچوں کو بات چیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’ درپیش مسائل کا مل بیٹھ کر حل نکالا جا سکتا ہے، مستقبل میں بلوچستان میں پائیدار قیام امن کیلئے کوششیں تیز کی جائیں گی‘۔

جرگے نے بلوچستان میں امن اور مفاہمتی عمل سے متعلق گرینڈ جرگہ، قبائلی تنازعات کے حل اور ناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں شامل ہونے کی دعوت بھی دی۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!