امریکا نے بھارت کو مسلح ڈرونز کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی

واشنگٹن:ا مریکا نے بھارت کو مسلح ڈرونز اور میزائلوں کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق پینٹاگون کا کہنا ہے کہ بھارت کو 31 مسلح ڈرونز دیے جائیں گے، بھارت کو دیے جانے والے میزائل سکائی گارڈین MQ-9B قسم کے ہوں گے۔

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ ان ڈرونز کی مالیت 3 اعشاریہ 99 ارب ڈالر ہوگی، معلوم ہوا ہے کہ امریکہ اور بھارت کے اس معاہدے میں امریکی خودساختہ Hellfire میزائلوں کی فراہمی بھی شامل ہوگی۔

خیال رہے کہ امریکہ روس کے خلاف Hellfire میزائلوں کی فراہمی یوکرین کو بھی کر چکا ہے۔

پینٹاگون نے مزید بتایا کہ بھارت طویل عرصے سے امریکی ڈرونز خریدنے کی کوشش میں تھا، بھارتی وزیراعظم کے گزشتہ سال جون میں دورہ امریکہ کے دوران بھی ڈرونز کی فراہمی کے اس معاملے پر بات چیت ہوئی تھی، جس پر بائیڈن انتظامیہ کی طرف سے انہیں بتایا گیا تھا کہ تاخیر کی وجہ خود بھارت میں پایا جانے والا ریڈ ٹیپ ازم کا کلچر ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق جمعرات کو ہونے والی ڈرونز فروخت کی منظوری کے بعد بھی اس ڈیل کو منطقی انجام تک پہنچنے میں کئی مراحل درپیش ہوسکتے ہیں۔

تاہم مبصرین کا یہ کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ بھارت ان ڈرونز کو پاکستان کے خلاف استعمال کرے گا یا چین کے خلاف استعمال ہوں گے، بھارت پہلے بھی امریکی ساختہ سکائی گارڈین MQ-9B جاسوسی کے لیے استعمال کر رہا ہے۔