ورلڈ کپ،ایک اور اپ سیٹ،افغانستان نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ رقم کردی
Share your love
چنئی: آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 22 ویں میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ رقم کردی۔افغانستان نے پاکستان کو ون ڈے میں پہلی بار شکست دی ہے ۔
بھارت کے شہر چنئی کے چدم برم سٹیڈیم میں ہونیوالے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 22 ویں میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر282 رنز بنائے۔
افغانستان نے 283 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ابراہیم زدران نے 87، رحمان اللہ گرباز نے 65 ، رحمت شاہ نے 77 اور ہشمت اللہ شاہدی نے 48رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے کیا، جارحانہ آغاز کے بعد قومی ٹیم کی 56 رنز کے مجموعی سکور پر پہلی وکٹ گر گئی، اوپنر بلے باز امام الحق 17 رنز بنا کر عظمت اللہ کی گیند پر پویلین لوٹ گئے جبکہ شاہینوں کو دوسرا نقصان عبداللہ شفیق کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 75 گیندوں پر 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 8 رنز بنا کر نور احمد کی گیند پر چلتے بنے تاہم سعود شکیل بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 34 گیندوں پر 25 رنز بنا کر محمد نبی کا شکار ہو گئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 206 کے مجموعی سکور پر گری جب کپتان بابر اعظم ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 74 رنز بنا کر نور احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، جبکہ افتخار احمد اور شاداب خان شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40،40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کی جانب سے نور احمد نے3، نوین الحق نے 2 جبکہ محمد نبی اور عظمت اللہ عمرزئی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔