ورلڈ کپ، آسٹریلیا نے نیدر لینڈز کو 309 رنز سے شکست دیدی
Share your love
دہلی: آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے 24 ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو 309 رنز سے بآسانی شکست دیدی۔
بھارت کے شہر دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے نیدر لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔
400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدر لینڈز کی پوری ٹیم 21 اوورز میں 90 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے 4 ، مچل مارش نے 2 جبکہ پیٹ کمنز ، جوش ہیزل ووڈ اور مچل سٹارک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیدر لینڈز کی جانب سے اننگز کا آغاز وکرم جیت سنگھ اور میکس او ڈاؤڈ نے کیا تاہم میکس او ڈاؤڈ 6 اور وکرمجیت سنگھ 25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، دیگر کھلاڑیوں میں کولن ایکرمین 10 ، باس دی لیڈے 4 ، سائبرینڈ اینجلبرچٹ 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
نیدر لینڈز کی چھٹی وکٹ 84 کے مجموعی سکور پر گری جب تیجا ندامانورو 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ 86 کے مجموعی سکور پر سائبرینڈ اینجلبرچٹ اور روئیلوف وین ڈیر مروے بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔
قبل ازیں آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسول نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر سنچری بنا ڈالی ، انہوں نے 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 106 رنز جبکہ اوپنر بلے باز ڈیوڈ وارنر نے بھی 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
کینگروز کو پہلا نقصان 28 رنز پر مچل مارش کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہیں 9 رنز پر وین بیک نے آؤٹ کیا جبکہ آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 160 رنز پر گری جب سٹیو سمتھ 68 گیندوں پر 71 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 244 کے مجموعی سکور پر گری جب مارنس لبوشین 62 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، جوش انگلس 14، ڈیوڈ وارنر 104 ، کیمرون گرین 8 ، گلین میکسول 106 اور مچل سٹارک بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے لوگن وین بیک نے 4، باس ڈی لیڈے نے 2 جبکہ آرین دت نے ایک وکٹ حاصل کی۔