Enter your email address below and subscribe to our newsletter

ورلڈکپ، بنگلہ دیش کو نیدر لینڈز کے ہاتھوں 87 رنز سے شکست

Share your love

کولکتہ: آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023ء کے 28ویں میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 87 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری فتح حاصل کر لی۔

کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقرر 50 اوورز میں بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 230 رنز کا ہدف دیا۔

جوابی اننگز میں بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن اننگز نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 43ویں اوور میں 142 کے مجموعی سکور پر ڈھیر ہوگئی۔

230 رنز کے بظاہر آسان ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، اوپنر بلے باز لٹن داس 3 جبکہ تنزید حسن 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز 35 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ محمود اللہ اور مستفیض الرحمان نے 20، 20 رنز کی اننگز کھیلی۔

دیگر کھلاڑیوں میں نجم الحسن 9، شکیب الحسن 5 اور مشفیق الرحیم 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مہدی حسن اور تسکین احمد نے بالترتیب 17 اور 11 رنز کی اننگز کھیلی۔

نیدر لینڈز کی جانب سے پال وین میکرین نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، باس ڈی لیڈ نے 2 جبکہ آریان دت، لوگن وین بیک اور کولن ایکرمین کے ہاتھ 1، 1 وکٹ آئی۔

نیدر لینڈز کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، وکرم جیت سنگھ 3 جبکہ میکس او ڈاؤڈ بغیر کوئی سکور بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔

تیسری وکٹ کی شراکت کیلئے ویزلی بیریسی اور کولن ایکرمین نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم بیریسی 41 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے جبکہ کولن ایکرمین 15 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

نیدر لینڈز کے کپتان سکاٹ ایڈورڈز 68 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں باس ڈی لیڈ نے 17 اور سائبرینڈ اینجلبرچٹ نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد، مستفیض الرحمان، شریف الاسلام اور مہدی حسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شکیب الحسن کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!