ورلڈ کپ فائنل،آسٹریلیا کا بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

احمد آباد: کرکٹ کی دنیا کا نیا بادشاہ کون بنے گا اس کا فیصلہ آج ہوگا، ایونٹ کے فائنل ٹاکرے میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کر لیا۔

بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندرا مودی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے فائنل میچ میں بھارتی ٹیم کی کمان روہت شرما کے ہاتھوں میں ہے جبکہ آسٹریلیا کو پیٹ کمنز لیڈ کر رہے ہیں۔

ٹاس کے موقع گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، میگا ایونٹ کی ٹرافی اٹھانے کیلئے پرعزم ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر شائقین کو حیران کریں۔

دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، وکٹ اچھی لگ رہی ہے، بڑا ٹوٹل دینے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ورلڈ کپ 2023ء میں بھارتی ٹیم لگاتار 10 میچ جیت کر ناقابل شکست ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم اپنے ابتدائی 2 میچ ہارنے کے بعد اگلے 8 میچز جیتنے میں کامیاب رہی۔

بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 13 بار آمنے سامنے آئیں جن میں سے 8 میں کینگروز نے میدان مارا جبکہ 5 میں جیت بھارت کے حصے میں آئی، رواں ورلڈ کپ 2023ء کے لیگ مرحلے میں بھی بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

آسٹریلیا کی ٹیم 8 ویں بار جبکہ بھارت کی ٹیم چوتھی بار میگا ایونٹ کا فائنل کھیل رہی ہے، آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں 2003ء کے ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی آمنے سامنے آ چکی ہیں جہاں کینگروز نے 125 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے فائنل جیتنے والی ٹیم کیلئے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز بطور انعام ملیں گے۔