ورلڈکپ،پاکستان کا آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
Share your love
بنگلورو: بھارت میں منعقدہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے 18 میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں ٹیمیں بھارت کے شہر بنگلورو کے ایم چنا سوامی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہیں جبکہ میچ سے قبل قومی ٹیم نے اپنی خامیوں کو دور کرنے کیلئے بھرپور پریکٹس کی۔
پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں تین میچز کھیل چکی ہے جن میں سے 2 میں کامیاب ہوئی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آسٹریلیا بھی ٹورنامنٹ میں تین میچز کھیل کر ایک میں کامیاب جبکہ دو میں شکست کھا چکی ہے۔
ورلڈ کپ سے قبل ہونے والے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دی تھی، راجیو گاندھی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 351 رنز بنائے جبکہ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 337 رنز بنا سکی تھی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ون ڈے میچز میں 107 بار آمنے سامنے آئیں جن میں سے کینگروز نے 69 اور پاکستان نے 34 میچز اپنے نام کیے، تین میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے اور ایک میچ برابر رہا جبکہ ورلڈ کپ میچز میں دونوں ٹیمیں 10 بار ٹکرائیں، 6 بار جیت کینگروز کے نام رہی جبکہ صرف 4 میچز میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔
ایشیائی کنڈیشنز میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے میچز میں دو بار مدمقابل ہوئیں، پہلی بار دونوں ٹیمیں 1987 کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آمنے سامنے آئیں تھیں اور آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد 18 رنز سے کامیابی حاصل کی، قومی ٹیم نے 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 249 رنز بنائے تھے۔
دوسری بار شاہین اور کینگروز 2011 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے شہر کولمبو میں مد مقابل آئے، یہاں جیت گرین شرٹس نے اپنے نام کی، پاکستان نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، قومی ٹیم نے 177 رنز کا ہدف 6 وکٹوں پر حاصل کیا تھا۔