اسلام آباد: حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی۔الیکشن کے معاملے پر فریقین میں مذاکرات پر مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔
کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اٹارنی جنرل کے ذریعے مذاکرات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائی، جس میں کہا گیا ہے کہ حکومتی اتحادی اور اپوزیشن ملک بھر میں ایک تاریخ کو الیکشن کرانے پر متفق ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے بہترین مفاد میں مذاکرات کا عمل بحال کرنے کو تیار ہیں۔ تحریک انصاف نے ایک تاریخ کو الیکشن کرانے پر اتفاق کیا۔ الیکشن کے معاملے پر فریقین میں مذاکرات پر مثبت پیشرفت ہوئی۔
حکومتی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی اور باقی صوبائی اسمبلیاں کب تحلیل ہوں، اس سلسلے میں تاریخ پر اتفاق نہیں ہو سکا۔حکومتی اتحادیوں نے مذاکرات میں لچک کا مظاہرہ کیا۔ علاوہ ازیں اسمبلیوں کو وقت سے پہلے تحلیل کرنے پر بھی غور کیا گیا۔