لاہور:تین پاکستانیوں کی جانب سے رواں سال ایک انوکھی سفری مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جو ایک رکشے کے ذریعے 7 ممالک کا سفر کریں گے۔
اس مہم میں ٹیم پاکستانی کمانڈر ریٹائرعبدالمالک قریشی، لیفٹیننٹ کمانڈر ریٹائرڈ سید ناصر حسین اور کیلاش سے مسرت نامی خاتون شامل ہوں گی جو ایران، ترکی، یونان، اٹلی، سوئٹزر لینڈ، فرانس اور برطانیہ تک کا سفر رکشے میں طے کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سفری مہم کیلئے استعمال کئے جانے والے رکشے کو ’بطوطہ‘ کا نام دیا گیا ہے جسے مشہور پاکستانی ٹرک آرٹ سے مزین کیا گیا ہے، مذکورہ مہم کا آغاز رواں سال 14 اگست سے ہوگا۔
ایوان صدر اسلام آباد سے شروع ہونے والی اس مہم کا اختتام بکنگھم پیلس لندن میں ہوگا، اس مہم کی کامیابی کے بعد ٹیم کے ارکان پہلے پاکستانی بن جائیں گے جنہوں نے آٹو رکشے پر سات ممالک کے سفر کا کارنامہ انجام دیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری اس مہم کا مقصد دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنا اور اس خوبصورت کلچر کو فروغ دینا ہے، اس مہم کی تکمیل میں 60 دن لگیں گے، ہماری یہ مہم فارن آفس کی منظوری اور تعاون سے ہوگی اور مختلف ممالک کے سفیروں سے بھی رابطے میں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کا مجموعی سفر 10 ہزار کلومیٹر پر محیط ہوگا۔