پاکستان کی نوجوانوں پر مبنی کرکٹ ٹیم نے ہمسایہ ملک افغانستان کے لیے شارجہ میں جاری سیریز کو یادگار اور تاریخی تو بنا دیا لیکن کیا وہ آج کا آخری میچ جیت کر عزت بحال کرنے میں کامیاب ہوں گے یا سیریز کلین سویپ ہونے دیں گے؟
افغانستان نے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ چھ وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ اتوار (26 مارچ) کی رات شارجہ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں میں 131 رنز کا ہدف آخری اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے افغان ٹیم نے سیریز میں برتری حاصل کی۔
یہ پہلا موقع ہے جب افغانستان اور پاکستان کے درمیان لگاتار تین ٹی ٹوئنٹی میچ کی سیریز کھیلی جا رہی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا آخری میچ آج (27 مارچ کو) ہوگا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 میں اچھی کارکردگی دکھانے والے اکثر پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں نے دونوں میچوں میں کافی خراب کارکردگی دکھائی، جس کی وجہ سے پاکستان دونوں میچوں کی ابتدا میں ہی دباؤ میں آیا اور بالآخر میچ بھی ہار گیا۔
دیکھنا یہ ہے کہ کپتان شاداب خان کس حد تک آخری اہم میچ کے لیے ٹیم میں تبدیلی کرسکتے ہیں۔
پاکستان کے خلاف جیت پر افغانستان میں خوشیاں منائی جا رہی ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے جدید ترین ماڈل آئی فون اور قومی ٹیم کے 15 رکنی سکواڈ کے لیے تین ہزار ڈالر، ریزرو کھلاڑیوں کے لیے دو ہزار ڈالر اور ایڈمن سٹاف کے لیے ایک ہزار ڈالر کی انعامی رقم کا اعلان کیا۔