اسلام آباد:وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ نئی سوچ، جدت پسندی اور بدلتے زمانے کے تقاضوں کو اپنانا ہی نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ اسلام آباد میں نجی تعلیمی ادارے کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسان کی زندگی پلک جھپکتے گزر جاتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ نوجوان روایتی کتابی علم تک محدود رہنے کے بجائے اپنی فکر اور زاویۂ نظر کو وسعت دیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں کامیابی صرف نصابی معلومات سے نہیں ملتی، بلکہ بدلتے رجحانات کو سمجھنے، نئی سمت میں سوچنے اور خود کو جدید معاشی و سائنسی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے سے ملتی ہے۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ جدت پسندی محض آرٹیفیشل انٹیلیجنس نہیں، بلکہ اس سے کہیں آگے بڑھ کر نئی راہیں تلاش کرنے کا نام ہے۔
وفاقی وزیر نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ عملی زندگی میں قدم رکھتے وقت اپنے دل کی آواز سنیں، غلطیوں سے نہ ڈریں اور ہمت و استقامت کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناکامی سے خوفزدہ ہونا ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
تقریب کے اختتام پر پاس آؤٹ ہونے والے تمام گریجویٹس میں ڈگریاں بھی تقسیم کی گئیں۔